اننت ناگ میں تلاشی آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ،پولیس اہلکار جاں بحق ، تلاشی آپریشن جاری

جنوبی ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ روڈ پر اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی مختصر مگر شدید فائرنگ کے تبادلے میں جموں و کشمیر پولیس ایک سنیئر اہلکار جاں بحق ہو گیا جبکہ علاقے میں بڑے پیمانے پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن بدستور جاری ہے۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے کے بعد آرا علاقے میں انسداد دہشت گردی آپریشن شروع کیا۔
تلاشی آپریشن کے دوران جیسے ہی سیکورٹی فورسز کا دہشت گردوں سے آمنا سامنا ہوا تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، جس کا فورسز نے مو¿ثر انداز میں جواب دیا۔ایک سینئر پولیس افسر نے کو بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران جموں و کشمیر پولیس کے اہلکار عاشق حسین شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مزید کمک بھی موقع پر طلب کر لی گئی ہے۔ دہشت گردوں کی تلاش کیلئے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ادھر واقعہ کے بعد ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات اور خصوصی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایس جے ایم گیلانی نے ضلع اننت ناگ کے لالچوک علاقے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد پیدا شدہ سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈی جی پی کے ہمراہ پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

Comments are closed.