دریائے جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے کافی نیچے / محکمہ فلڈ کنٹرول
محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باوجود دریائے جہلم میں پانی خطرے کی سطح سے کافی نیچے ہیں ۔ محکمے کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ رام منشی باغ گیج اسٹیشن پر دریائے جہلم کی موجودہ سطح 7.91 فٹ جبکہ سنگم گیج اسٹیشن پر 5.54 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو سیلابی خطرے کی حد سے کافی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ رام منشی باغ میں وارننگ لیول 18 فٹ جبکہ خطرے کی سطح 21 فٹ مقرر ہے۔
اسی طرح سنگم میں وارننگ لیول 21 فٹ اور خطرے کی سطح 25 فٹ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور دریائے جہلم میں پانی کی سطح سیلاب کے خدشے سے کہیں نیچے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ وادی کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارشیں جاری ہیں، تاہم محکمہ فلڈ کنٹرول دریائے جہلم اور دیگر آبی ذخائر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام متعلقہ ادارے چوبیس گھنٹے نگرانی کر رہے ہیں۔
Comments are closed.