بانڈی پورہ میں پانی میںبہہ جانے کے بعد کمسن بیٹے کی نعش بر آمد ، والدہ کی تلاش جاری

مسلسل بارشوں کے باعث ضلع بانڈی پورہ میں اچانک آنے والے سیلابی ریلے کے دوران لاپتہ ہونے والے 14 سالہ لڑکے کی لاش برآمد کر لی گئی، جبکہ اس کی والدہ کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ لڑکے کی لاش گزر بل علاقے میں ایک نالے سے برآمد کی گئی، جس کے بعد اسے قانونی و طبی کارروائی کے لیے ضلع اسپتال بانڈی پورہ منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بچے کی شناخت عامر کٹھانہ ولد مرحوم محبوب کٹھانہ ساکنہ بونی بل ٹنگاتھ بانڈی پورہ کے بطور ہوئی حکام کے مطابق عامر اپنی والدہ گڈی بیگم کے ہمراہ نالے میں بہہ کر آنے والی لکڑیاں جمع کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
اسی دوران بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث اچانک آنے والے شدید سیلابی ریلے نے دونوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں وہ تیز بہاو¿ میں بہہ گئے۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سول انتظامیہ اور مقامی رضاکاروں نے بڑے پیمانے پر سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد بدھ کے روز عامر کی لاش گزر بل کے قریب نالے سے برآمد ہوئی، تاہم اس کی والدہ گڈی بیگم کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

Comments are closed.