ریاستی درجہ کی بحالی :سیول سوسائٹی کی جانب جنتر منتر پر مجوزہ احتجاج میں شرکت کی تائید / عمر عبد اللہ

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ سیول سوسائٹی کے مختلف طبقوں نے ریاستی درجہ کی بحالی کے مطالبے کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے 20 جولائی کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر نیشنل کانفرنس کے مجوزہ احتجاج میں شرکت کی تائید کی ہے جبکہ تمام علاقائی سیاسی جماعتوں کو بھی اس احتجاج میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

ایس کے آئی سی سی میں میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے کہا کہ سیول سوسائٹی کے تقریباً 170 نمائندوں پر مشتمل ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں مذہبی رہنما، تاجر، ماہرین تعلیم، ریٹائرڈ بیوروکریٹس، سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد اور دیگر مختلف طبقات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہا۔عمر عبداللہ نے کہا ”یہ کوئی وفد نہیں بلکہ سول سوسائٹی کا مشترکہ اجلاس تھا۔

اجلاس میں شریک تمام افراد نے متفقہ طور پر کہا کہ جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ واپس دینے میں پہلے ہی بہت تاخیر ہو چکی ہے، اب مزید تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں“۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں مرکزی حکومت سے فوری طور پر ریاستی درجہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ 20 جولائی کو جنتر منتر پر ہونے والے احتجاج کی بھی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا۔

Comments are closed.