لیفٹنٹ گورنر کا دورہ یاترا ٹرانزٹ کیمپ پانتھ چوک ، یاتریوں کیلئے انتظامات کا لیا جائزہ
لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے پانتھ چوک سرینگر میں یاترا ٹرانزٹ کیمپ اور یاتری نواس کا دورہ کرکے جاری امرناتھ یاترا کے سلسلے میں یاتریوں کیلئے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر لیفٹنٹ گورنر نے مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران، انتظامیہ کے نمائندوں اور یاتریوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ بھگوان شیو کے ہر عقیدت مند کو چوبیس گھنٹے بہترین نگہداشت اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
منوج سنہا نے کہا ”رجسٹریشن سے لے کر رہائش، کھانے پینے اور دیگر بنیادی سہولیات تک کسی بھی یاتری کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ جموں و کشمیر میں ان کا قیام روحانی سکون، آرام اور بہترین سہولیات سے آراستہ ہو“۔دورے کے دوران انہوں نے رہائش، صفائی ستھرائی، سیکورٹی، صحت کی سہولیات، پینے کے صاف پانی، بجلی کی فراہمی، فائر فائٹنگ کے انتظامات اور دیگر بنیادی خدمات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
انہوں نے مختلف محکموں کی جانب سے یاتریوں کے تحفظ اور سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری لانے کی ہدایت بھی دی۔لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں سال امرناتھ یاترا میں گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ تعداد میں یاتری شریک ہوئے ہیں۔
Comments are closed.