جموں و کشمیر میں پائیدار سیاحت کیلئے طویل مدتی حکمت عملی مرتب / ناظم سیاحت کشمیر

جموں و کشمیر حکومت خطے میں پائیدار سیاحت کے فروغ کیلئے ایک جامع اور طویل مدتی حکمت عملی مرتب کر رہی ہے کی بات کرتے ہوئے ناظم سیاحت کشمیر سید قمر سجاد نے کہا ہے کہ اس کا بنیادی مقصد سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ قدرتی وسائل اور ماحولیات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

ایس کے آئی سی سی سرینگر میں منعقدہ ایک روزہ ٹورازم کانکلیو کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ناظم سیاحت کشمیر سید قمر سجاد نے کہا کہ اس کانکلیو کے ذریعے حکومت نے سیاحت کے شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرس ، ٹورازم ٹریڈ باڈیز اور مختلف سیاحتی مقامات کے منتظمین کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ ایک ایسا جامع روڈ میپ تیار کیا جا سکے جو مستقبل میں جموں و کشمیر کی سیاحتی صنعت کو مزید مضبوط، منظم اور ماحول دوست بنیادوں پر استوار کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ سیاحت کی ترقی کے ساتھ ساتھ وادی اور دیگر علاقوں کے نازک قدرتی وسائل، جنگلات، جھیلیں، پہاڑی سلسلے اور ماحولیات محفوظ رہیں کیونکہ یہی قدرتی حسن جموں و کشمیر کی اصل شناخت اور دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے سب سے بڑی کشش ہے۔

ناظم سیاحت نے موسمیاتی تبدیلی کو پوری دنیا کے لیے ایک سنگین چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی حدت کے اثرات ہر ملک پر مرتب ہو رہے ہیں اور جموں و کشمیر بھی اس سے محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کیلئے حکومت مختلف سطحوں پر عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے قدرتی وسائل کو محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات، محکمہ سیاحت اور محکمہ تعلیم مشترکہ طور پر شجرکاری مہم چلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اگر کسی ترقیاتی منصوبے کے تحت ایک درخت کاٹنا پڑے تو اس کے بدلے کئی نئے درخت لگائے جائیں تاکہ جنگلات کا تحفظ ممکن ہو اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھا جا سکے۔

Comments are closed.