آر بی آئی کی دو ہزار روپے کے نوٹوں پر تازہ رپورٹ، 98.47 فیصد نوٹ بینکاری نظام میں واپس

ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ₹2000 مالیت کے نوٹوں کی واپسی کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور 19 مئی 2023 کو ان نوٹوں کو گردش سے واپس لینے کے اعلان کے بعد اب تک 98.47 فیصد نوٹ بینکاری نظام میں واپس آ چکے ہیں۔

آر بی آئی کے مطابق، 19 مئی 2023 کو جب دو ہزار روپے کے نوٹوں کو گردش سے واپس لینے کا اعلان کیا گیا تھا، اُس وقت ان نوٹوں کی مجموعی مالیت 3.56 لاکھ کروڑ روپے تھی، جو 30 اپریل 2026 تک گھٹ کر 5,451 کروڑ روپے رہ گئی ہے۔

مرکزی بینک نے واضح کیا ہے کہ ₹2000 کے نوٹ اب بھی مکمل طور پر قانونی کرنسی (Legal Tender) ہیں اور عوام انہیں ادائیگی کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم، عام بینک شاخوں میں ان نوٹوں کے تبادلے کی سہولت اکتوبر 2023 میں ختم ہو چکی ہے۔

آر بی آئی نے بتایا کہ فی الحال ملک بھر میں آر بی آئی کے 19 ایشو دفاتر میں دو ہزار روپے کے نوٹوں کے تبادلے کی سہولت دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ شہری انڈیا پوسٹ کے ذریعے بھی اپنے ₹2000 کے نوٹ آر بی آئی کے ایشو دفاتر بھیج کر رقم اپنے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرا سکتے ہیں۔

Comments are closed.