تھاتھری :بادل پھٹنے کے بعد متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائےگی / منوج سنہا
جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ضلع ڈوڈہ کے تھاتھری علاقے میں بادل پھٹنے کے واقعے کے بعد پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے اور قومی شاہراہ این کی بحالی کے کام میں تیزی لائی جائے۔
لیفٹنٹ گورنر نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے واقعے کے فوراً بعد ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے زمینی صورتحال کی مکمل جانکاری حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ تھاتھری میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اب تک کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
منوج سنہا نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں کو بلا تاخیر ہر ممکن امداد اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اس مشکل وقت میں کسی پریشانی کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معمولاتِ زندگی جلد از جلد بحال کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔
لیفٹنٹ گورنر نے خاص طور پر قومی شاہراہ NH-22سے ملبہ ہٹانے اور ٹریفک کی بحالی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شاہراہ کی جلد بحالی عوامی سہولت اور ضروری رسد کی بلا رکاوٹ نقل و حمل کے لیے نہایت اہم ہے۔
Comments are closed.