ایجوکیشن کانکلیو 2026: AAYخاندانوں کے طلبہ کی ٹیوشن فیس مکمل طور پر معاف
جموں و کشمیر حکومت نے تعلیمی شعبے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے برسوں بعد محکمہ اسکولی تعلیم میں 117 نئے منتخب لیکچررز کو تقرری نامے جاری کیے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز منعقدہ ایجوکیشن کانکلیو 2026 – بنیاد سے بلندی تک کے دوران ان تقرری ناموں کی تقسیم کی۔
وزیر اعلیٰ نے بجٹ 2026 میں کیے گئے اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے انتودیہ انا یوجنا (AAY) سے وابستہ خاندانوں کے اسکول اور کالج کے طلبہ کی ٹیوشن فیس مکمل طور پر معاف کرنے کا بھی اعلان کیا، تاکہ معاشی طور پر کمزور طبقے کے طلبہ کو معیاری تعلیم تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔
کانکلیو کے دوران وزیر اعلیٰ نے تعلیم کے شعبے میں 115 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 2,109 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جموں میں ورچوئل کلاسز کے لیے جدید اسٹوڈیو اور ہائی ٹیک آڈیٹوریم کا بھی افتتاح کیا گیا۔
تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 67 اسکول اور کالج طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا، جبکہ قومی سطح پر ایوارڈ یافتہ اساتذہ کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔
اس موقع پر وزیر تعلیم سکینہ ایتو، وزیر زراعت جاوید احمد ڈار، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، اراکین اسمبلی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ، کمشنر سیکریٹری محکمہ اسکولی تعلیم، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ڈائریکٹر کالجز، ڈائریکٹرز اسکول ایجوکیشن کشمیر و جموں، دیگر سینئر افسران، ماہرین تعلیم اور بڑی تعداد میں طلبہ بھی موجود تھے۔
Comments are closed.