نئے فوجی سربراہ کا پہلا دورہ کشمیر ، سرینگر میں سیکورٹی اور آپریشنل تیاریوں کا لیا جائزہ

نئے فوجی سربراہ جنرل دھیراج سیٹھ وادی کشمیر کے دورے پر وار د ہوئے جس دوران انہوں نے سرینگر میں قائم 15 کور ہیڈکوارٹر (چنار کور) کا دورہ کیا، جہاں سینئر فوجی افسران نے انہیں وادی میں جاری سیکورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، فوجی تعیناتیوں اور دیگر اہم امور پر بریفنگ دی۔

فوج کے ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک انفارمیشن کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول اور وادی کے اندر جاری فوجی آپریشنز، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں، مختلف سیکورٹی اداروں کے درمیان باہمی تعاون، بدلتی ہوئی آپریشنل صورتحال اور جاری شری امرناتھ یاترا کے لیے کیلئے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، فوجی صلاحیتوں میں اضافے، جدید جنگی نظام کو اپنانے اور ہر قسم کی عسکری کارروائیوں کیلئے مربوط جنگی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔جنرل دھیراج سیٹھ نے اس موقع پر فوج کے تمام افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور مشکل حالات میں فرائض کی انجام دہی کو سراہا۔

انہوں نے امن و استحکام برقرار رکھنے، دہشت گردی کے خلاف مو¿ثر کارروائیوں اور عوام کے تحفظ کے لیے فوج کی مسلسل خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فوج ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

Comments are closed.