سرکاری غذائی اجناس میں کروڑوں کا غبن ،14 افراد کےخلاف مقدمہ درج / اے سی بی

ضلع کپواڑہ کے سرحدی علاقے کرناہ میں سرکاری غذائی اجناس کے مبینہ 5.57 کروڑ روپے کے غبن کے معاملے میں محکمہ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین کے پانچ اہلکاروں اور نو فیئر پرائس شاپ ڈیلروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

اے سی بی ترجمان کی جاب سے جاری بیان میں بتایا کہ پولیس اسٹیشن اے سی بی بارہمولہ میں ایف آئی آر نمبر 02/2026درج کی گئی ہے۔ مقدمہ انسدا د بدعنوانی ایکٹ 1988 (ترمیم شدہ) کی دفعہ 13مع دفعہ 13(2) اور بھارتیہ نیائے سنہتا 2023 کی دفعات 61(2) اور 316(5) کے تحت، حکومت جموں و کشمیر کے جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ سے پیشگی منظوری حاصل کرنے کے بعد درج کیا گیا۔

بیان کے مطابق یہ کارروائی محکمہ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، کشمیر کے ڈائریکٹر کی جانب سے موصول ہونے والی ایک رپورٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی، جس میں محکمانہ معائنے اور جسمانی تصدیق کے دوران سرکاری غذائی اجناس کی بڑے پیمانے پر کمی سامنے آنے کے بعد متعلقہ اہلکاروں اور فیئر پرائس شاپ ڈیلروں کے خلاف فوجداری کارروائی کی سفارش کی گئی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی مشترکہ اچانک جانچ کے دوران کرناہ کے لونتھا گرینری میں 4175.89کوئنٹل چاول کی کمی پائی گئی۔ بعد ازاں محکمانہ ذیلی کمیٹی اور اے سی بی کی تفصیلی تصدیق کے دوران ضلع کپواڑہ کے ٹنگڈار، کرناہ اے اور کرناہ بی حلقوں کے مختلف سرکاری سیل سینٹروں اور فیئر پرائس شاپس میں بھی بڑے پیمانے پر غذائی اجناس کی کمی کا انکشاف ہوا۔بیان کے مطابق اس مبینہ خردبرد سے سرکاری خزانے کو 5.57کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔ تحقیقات سے ظاہر ہوا کہ یہ مبینہ طور پر سرکاری ملازمین اور نجی فائدہ اٹھانے والوں کی ملی بھگت سے کی گئی ایک منظم مجرمانہ سازش تھی، جس کے تحت سرکاری راشن کو ناجائز مالی فائدہ حاصل کرنے کی غرض سے خردبرد کیا گیا۔

Comments are closed.