طالب علم کو اسکول میں بند رکھنے کا معاملہ ، تمام اسکول عملہ معطل، انکوائری کمیٹی تشکیل
جموں کے رام بن ضلع میں زون بانہال کے گورئمنٹ مڈل اسکول کراوہ میں طالب علم کے کئی گھنٹوں تک اسکول کی عمارت کے اندر بند رہ جانے کے سنگین واقعے کے بعد چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن نے سخت کارروائی کرتے ہوئے اسکول کے پورے عملے کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے اور معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق یہ واقعہ 4 جولائی 2026 کو پیش آیا، جب ایک طالب علم شام تقریباً 8 بجے اسکول کی عمارت کے اندر بند پایا گیا۔ یہ واقعہ اسکول کے اوقات ختم ہونے کے کئی گھنٹے بعد اور گرمیوں کی تعطیلات شروع ہونے سے قبل پیش آیا، جس نے محکمہ تعلیم میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ معاملہ متعلقہ عملے کی جانب سے سنگین غفلت، لاپرواہی اور فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی کا مظہر معلوم ہوتا ہے۔ اس غفلت کے باعث طالب علم کی جان اور سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا تھا، جو ناقابل قبول ہے۔
سی ای او رام بن نے معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے جموں و کشمیر سول سروسز رولز، 1956 کے رول 31 کے تحت گورئمنٹ مڈل اسکول کراوہ، زون بانہال کے تمام ملازمین کو فوری اثر سے معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ تاہم معطلی کے دوران تمام ملازمین آئندہ احکامات تک اسی اسکول کے ساتھ منسلک رہیں گے۔واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے تین رکنی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
Comments are closed.