بٹہ مالو :گیس سلنڈر پھٹ جانے سے زخمی شہر ی اسپتال میں دم توڑ بیٹھا
بٹہ مالو سرینگر کی ایس ڈی کالونی میں گزشتہ روز ایل پی جی سلنڈر میں آگ لگنے کے نتیجے میں جھلس کر زخمی شہری دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جبکہ اسی واقعے میں زخمی ہونے والے خاندان کے دو دیگر افراد کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کے روز ایس ڈی کالونی، بٹہ مالو میں واقع ایک رہائشی مکان میں اچانک ایل پی جی سلنڈر میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے گھر میں موجود ایک ہی خاندان کے تین افراد شدید جھلس گئے۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا علاج شروع کیا۔ذرائع کے مطابق شدید زخمی ہونے والے غلام رسول کرچو ولد مرحوم عبدالعزیز کرچو ساکنہ ایس ڈی کالونی بٹہ مالو، اتوار کی دوپہر دورانِ علاج زندگی کی بازی ہار گئے۔ ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔ادھر، واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر دو افراد اسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور طبی ذرائع کے مطابق ان کی حالت فی الحال خطرے سے باہر اور مستحکم ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور آتشزدگی کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
Comments are closed.