امرناتھ یاترا : 6721یاتریوں پر مشتمل چوتھا قافلہ جموں سے کشمیر کی جانب روانہ
سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں اتوار کی علی الصبح 6,721 یاتریوں پر مشتمل چوتھا قافلہ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان بھگوتی نگر یاتری نواس، جموں سے کشمیر کی جانب روانہ ہوا۔حکام کے مطابق اس قافلے میں 87 غیر ملکی یاتری بھی شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 2,590 یاتریوں نے مختصر بالتال راستہ اختیار کیا، جبکہ 4,131 یاتری روایتی پہلگام راستے سے مقدس گپھا تک پہنچیں گے۔
اعداد و شمار کے مطابق قافلے میں 4,576 مرد، 1,310 خواتین، 22 بچے، 572 سادھو، 154 سادھویاں، 38 غیر ملکی مرد اور 49 غیر ملکی خواتین شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ بالتال جانے والا قافلہ 152 گاڑیوں پر مشتمل تھا، جن میں 50 بسیں، 12 میڈیم موٹر وہیکلز اور 90 لائٹ موٹر وہیکلز شامل تھیں۔ اسی طرح پہلگام جانے والا قافلہ 139 گاڑیوں پر مشتمل تھا، جن میں 84 بسیں، 25 بڑی اور 30 چھوٹی گاڑیاں شامل تھیں۔ حکام کے مطابق تمام یاتری پہلے بالتل اور ننواں (پہلگام) کے بیس کیمپوں تک پہنچیں گے، جہاں سے وہ امرناتھ گپھا کے درشن کے لیے اپنی اگلی مسافت طے کریں گے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ سالانہ امرناتھ یاترا کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سول انتظامیہ، جموں و کشمیر پولیس، سیکورٹی فورسز اور امرناتھ شرائن بورڈ کی جانب سے کثیر سطحی سیکورٹی اور جامع انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یاترا بلا رکاوٹ اور محفوظ طریقے سے جاری رہے۔
Comments are closed.