سالانہ امرناتھ یاترا : لیفٹنٹ گورنر کا دورہ چند ن واڑی ، زمینی صورتحال اور سہولیات کا لیا جائزہ
لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے چندن واڑی کا دورہ کرکے امرناتھ یاترا کے سلسلے میں زمینی صورتحال اور یاتریوں کے لیے فراہم کی جا رہی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ یاترا کو محفوظ، منظم اور بلا رکاوٹ بنایا جا سکے۔
اس موقع پر لیفٹنٹ گورنر نے مختلف محکموں کے افسران، یاتریوں، رضاکاروں، لنگر سیواداروں اور دیگر خدمات انجام دینے والے افراد سے ملاقات کی اور ان سے انتظامات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے یاترا انتظامیہ کو ہدایت دی کہ یاتریوں کی آرا ءاور تجاویز کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور ہر وقت ان کی مدد و رہنمائی کے لیے دستیاب رہا جائے۔
اس موقعہ پر منوج سنہا نے کہا ”حکومت کے تمام محکموں کی مربوط اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے بھگوان شیو کے عقیدت مندوں کو بہترین رہائش، معیاری کھانے اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی۔ میری خواہش ہے کہ ہر یاتری کو خوشگوار ماحول میں درشن کا موقع ملے اور وہ ایک گہرے روحانی اور یادگار تجربے کے ساتھ واپس لوٹے“۔دورے کے دوران لیفٹنٹ گورنر نے چندن واڑی میں قائم بیس اسپتال کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز، لیبارٹریوں اور ایمرجنسی یونٹس کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں فراہم کی جا رہی طبی سہولیات کے معیار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل عملے اور دیگر طبی کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ شدید مصروفیت کے باوجود یاتریوں کو معیاری اور بروقت طبی خدمات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
Comments are closed.