سرینگر ہوائی اڈے کے رن وے کی مجوزہ بندش معطل، وزیر اعلیٰ کا حکومت ہند کو شکریہ

جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سرینگر ہوائی اڈے کے رن وے کی مجوزہ بندش معطل کرنے پر حکومت ہند کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے اس معاملے کو ذاتی طور پر حکومت ہند کے سامنے اٹھایا تھا تاکہ مسافروں، سیاحتی صنعت، تجارتی سرگرمیوں اور جموں و کشمیر کے عوام کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، کیونکہ مجوزہ بندش سے ان تمام شعبوں پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ تھا۔
عمر عبداللہ نے اپنے بیان میں کہا”میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہماری درخواست قبول کرتے ہوئے سرینگر ہوائی اڈے کی بندش کے فیصلے کو معطل کر دیا۔ اس مجوزہ بندش سے روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا اور متعدد سیاحتی گروپوں کو اپنے دورے منسوخ کرنا پڑتے“۔
انہوں نے کہا کہ رن وے کی بندش معطل ہونے سے خطے کی فضائی آمد و رفت متاثر نہیں ہوگی، جس سے سیاحت، سفر اور معاشی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ بالخصوص سیاحتی سیزن کے دوران جموں و کشمیر کے لیے بلا رکاوٹ فضائی رابطہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر حکومت کے تحفظات پر فوری اور مثبت کارروائی کرنے پر حکومت ہند کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا۔

Comments are closed.