سرینگر ہوائی اڈے پر ہفتہ وار رن وے بندش کا منصوبہ منسوخ

سرینگر ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے پیر اور منگل کے روز رن وے کی مکمل بندش سے متعلق مجوزہ نوٹس ٹو ایئرمین (NOTAM) واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس سال ہوائی اڈے پر تمام دنوں میں معمول کے مطابق فضائی آپریشن جاری رہیں گے اور کسی بھی دن رن وے کی مکمل بندش نہیں ہوگی۔

ہوائی اڈے کی جانب سے ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے آپریشنل اپ ڈیٹ میں کہا گیا کہ مسافروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ سرینگر ہوائی اڈے پر اس سال کسی بھی دن مکمل ایئر فیلڈ بند نہیں کی جائے گی۔ ہوائی اڈے کے آپریشنل اور واچ اوقات حسب سابق صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک رہیں گے، جس دوران تمام شیڈول پروازیں معمول کے مطابق چلائی جائیں گی۔

انتظامیہ نے بتایا کہ اگرچہ رات کے وقت رن وے کی مرمت، اپ گریڈیشن اور دیکھ بھال کا کام جاری رہے گا، تاہم یہ کام صرف شبانہ اوقات میں انجام دیا جائے گا تاکہ دن کے وقت پروازوں کا نظام متاثر نہ ہو۔ یہ رات کی بنیاد پر جاری رہنے والا مرمتی عمل اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پیر اور منگل کو رن وے کی مکمل بندش سے متعلق جو نوٹم پہلے جاری کرنے کی تجویز دی گئی تھی، اسے باضابطہ طور پر واپس لے لیا گیا ہے۔

اس فیصلے کے بعد اب ہفتے کے تمام ساتوں دن سرینگر ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری رہے گی۔انتظامیہ کے مطابق مختلف فضائی کمپنیاں موجودہ آپریشنل اوقات کے مطابق اپنی پروازوں کے شیڈول کو اپ ڈیٹ کرتی رہیں گی۔

Comments are closed.