کشمیر ٹریڈ الائنس کا امرناتھ یاتریوں کا استقبال ،یاترا سے امن و بھائی چارے کے فروغ کی امید

سرینگر، 3 جولائی: کشمیر ٹریڈ الائنس نے سالانہ امرناتھ یاترا کے کامیاب آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ یاترا پرامن ماحول میں مکمل ہوگی اور جموں و کشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ایک بیان میں کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے ہمیشہ امرناتھ یاتریوں کا محبت، احترام اور مہمان نوازی کے ساتھ استقبال کیا ہے، جو وادی کی صدیوں پر محیط روایات، باہمی احترام اور بقائے باہمی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’امرناتھ یاترا صرف ایک مذہبی فریضہ ہی نہیں بلکہ بھائی چارے، ہم آہنگی اور کشمیر کی جامع ثقافتی شناخت کی علامت بھی ہے۔انیوں نے کہا ہم تمام یاتریوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کی محفوظ، پرامن اور روحانی طور پر بابرکت یاترا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘

اعجاز شہدار نے کہا کہ اس سالانہ یاترا سے ٹرانسپورٹ، تجارت، سیاحت، ہوٹل صنعت، دستکاری اور دیگر متعلقہ شعبوں سے وابستہ ہزاروں افراد کو روزگار اور کاروباری مواقع حاصل ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یاتریوں کی مسلسل آمد سے وادی میں کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا اور سیاحتی شعبے میں اعتماد بحال ہوگا۔

انہوں نے یاترا کے انتظامات میں مصروف تمام اداروں اور ایجنسیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انتظامیہ سے اپیل کی کہ یاترا کے دوران مؤثر ٹریفک نظام، مضبوط سیکورٹی انتظامات، معیاری طبی سہولیات اور دیگر بنیادی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر نے اعتماد ظاہر کیا کہ امرناتھ یاترا ہمیشہ سے امن، بھائی چارے اور باہمی اعتماد کی علامت رہی ہے اور امید ظاہر کی کہ رواں سال کی یاترا بھی انہی اقدار کو مزید مستحکم کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی معاشی بحالی میں مثبت کردار ادا کرے گی۔

Comments are closed.