یاتری سفر ی اخراجات کا دس فیصد مقامی مصنوعات خریدنے پر خرچ کریں / وزیر اعظم کا پیغام
وزیر اعظم نریندر مودی نے سالانہ امرناتھ یاترا پر روانہ ہونے والے لاکھوں یاتریوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے ان کی محفوظ، پرامن اور کامیاب یاترا کیلئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا بھارت کی روحانی روایت، ثقافتی ورثے اور قومی یکجہتی کی ایک لازوال علامت ہے۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ بابا برفانی کے درشن سے منسلک امرناتھ یاترا ہماری روحانی روایت اور ثقافتی ہم آہنگی کا ایک ابدی باب ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ بھگوان شیو کے تمام عقیدت مندوں کی یہ مقدس یاترا ہر لحاظ سے محفوظ، پرامن اور بابرکت ثابت ہو۔وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر یاتریوں کے نام ایک خصوصی خط بھی جاری کیا، جس میں انہوں نے یاتریوں سے پانچ عہد اپنانے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ تمام یاتریوں عقیدت، نظم و ضبط، صفائی، ماحولیات کے تحفظ اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ یاترا انجام دیں تاکہ اس مقدس سفر کی روحانی عظمت اور ثقافتی اقدار برقرار رہیں۔اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ امرناتھ یاترا صرف ایک مذہبی سفر نہیں بلکہ ملک کی قدیم روحانی روایات، باہمی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کی مضبوط علامت بھی ہے۔
وزیر اعظم نے امرناتھ یاترا پر جانے والے عقیدت مندوں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں اپیل کی ہے کہ وہ یاترا کے دوران ”ووکل فار لوکل“مہم کو فروغ دیں اور مقامی مصنوعات کی خریداری کو ترجیح دیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہر یاتری کو چاہیے کہ وہ اپنے سفری اخراجات کا کم از کم 10 فیصد حصہ جموں و کشمیر میں تیار ہونے والی مقامی مصنوعات کی خریداری پر خرچ کرے۔
Comments are closed.