تھید ہارون میں نہاتے ہوئے دو طالب علم ڈوب گئے، ایک کی حالت تشویشناک

سرینگر کے مضافاتی علاقے ہارون کے تھید میں واقع داچھی گام نالہ میں نہاتے ہوئے دو کمسن لڑکے ڈوب گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

مقامی لوگوں کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں لڑکے نالے میں نہا رہے تھے کہ اچانک گہرے پانی کی زد میں آ گئے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو پانی سے باہر نکالا۔

ریسکیو کے بعد دونوں لڑکوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ ان میں سے ایک، جو سرینگر کا رہائشی اور گیارہویں جماعت کا طالب علم بتایا جا رہا ہے، کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں اس کا علاج جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ تاہم اسپتال میں زیر علاج طالب علم کی حالت بدستور نازک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہے

Comments are closed.