بحرین ملازمت کا جھانسہ : کرائم برانچ کشمیر نے ملزم کےخلاف چارج شیٹ پیش کر دی

اکنامک آفننس ونگ کشمیر کرائم برانچ جموں و کشمیر نے بحرین میں ملازمت دلانے کے نام پر متعدد نوجوانوں سے لاکھوں روپے کی مبینہ دھوکہ دہی کے معاملے میں ایک شخص کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔

کرائم برانچ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی آر نمبر 67/2021کے تحت تعزیراتِ رانبیر کی دفعات 420، 468 اور 471 کے تحت درج مقدمے میں فیاض احمد زرگر ولد محمد شفیع زرگرساکنہ قطب الدین پورہ، عالی کدل، جامع مسجد، سرینگر کے خلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سرینگر کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔

بیان کے مطابق مقدمہ ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا کہ ملزم ایک کنسلٹنی واقع کرن نگر سرینگر کے نام سے کام کرتے ہوئے بحرین میں ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر شکایت کنندہ سے رقم وصول کی۔تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے اسی طریقہ واردات کے ذریعے کئی دیگر ملازمت کے خواہشمند افراد کو بھی اپنا شکار بنایا اور ان سے لاکھوں روپے وصول کیے۔ الزام ہے کہ اس نے متاثرین کو جعلی جاب آفر لیٹر، جعلی بحرین ویزے، فضائی ٹکٹ اور دیگر فرضی دستاویزات فراہم کیں۔

کرائم برانچ کے مطابق دھوکہ دہی کو حقیقی ظاہر کرنے کے لیے متاثرین سے آن لائن انٹرویوکروائے گئے، طبی معائنے کرائے گئے اور مختلف معاہدوں پر دستخط بھی لیے گئے، تاہم کسی بھی شخص کو بیرونِ ملک ملازمت فراہم نہیں کی گئی اور نہ ہی وصول کی گئی رقم واپس کی گئی۔تحقیقات میں الزامات کی تصدیق ہونے کے بعد تمام قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے چارج شیٹ متعلقہ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے، جہاں مقدمے کی عدالتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Comments are closed.