کشمیر کے مویشی ڈیلروں نے ہڑتال واپس لے لی، مٹن بحران ختم ہونے کی امید

کشمیر مٹن ڈیلرس ایسوسی ایشن نے جمعہ کے روز کئی دنوں سے جاری مویشی ڈیلروں کی ہڑتال واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے پولیس کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ جموں و کشمیر کیلئے مویشی لے جانے والی گاڑیوں کو مختلف ناکوں اور چیک پوسٹوں پر نہ روکا جائے۔

کشمیر مٹن ڈیلرس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری معراج الدین نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی یقین دہانی اور پولیس کو جاری ہدایات کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ”ہمیں بتایا گیا ہے کہ پنجاب پولیس کو مویشی بردار گاڑیوں کو چیک پوسٹوں پر نہ روکنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ مویشی منڈیوں کو بھی جموں و کشمیر کے لیے سپلائی دوبارہ شروع کرنے کا کہا گیا ہے۔ اسی یقین دہانی کی بنیاد پر ہم نے ہڑتال واپس لے لی ہے“۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایسوسی ایشن اب بھی پنجاب حکومت کی جانب سے باضابطہ تحریری احکامات کی منتظر ہے۔ ان کے مطابق، تحریری احکامات موصول ہونے کے بعد ہم زمینی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور دیکھیں گے کہ آیا پولیس اور متعلقہ ادارے ان ہدایات پر مکمل طور پر عمل درآمد کر رہے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند دنوں میں پنجاب سے جموں و کشمیر کے لیے بھیڑ بکریوں کی ترسیل مکمل طور پر بحال ہو جائے گی، جس سے وادی میں مٹن کی سپلائی معمول پر آنے کے ساتھ ساتھ قیمتوں میں استحکام بھی پیدا ہوگا۔

Comments are closed.