کپواڑہ ، بڈگام اور پٹن میں سڑک حادثات:معصوم بچی از جاں ، 31افراد زخمی

سرحدی ضلع کپواڑہ کے ودھ پورہ علاقے میں ایک دلخراش سڑک حادثے میں چھ سالہ بچی ڈمپر کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئیں ۔ پولیس کے مطابق متوفی بچی کی شناخت حبصہ اسحاق دختر اسحاق ساکنہ خورم آباد وودھ پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں بچی شدید زخمی ہوئی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈمپر نے بچی کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں وہ موقعہ پر ہی دم توڑ بیٹھی ۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچی، ڈمپر کو اپنی تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے۔

اسی دوران بڈگام میں ٹاٹا مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 25 افراد زخمی ہوگئے۔عین شاہدین کے مطابق بس بیروہ سے بڈگام جا رہی تھی کہ نصراللہ پورہ کے قریب کونر علاقے میں پیش آنے والے حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔

ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل نصراللہ پورہ کے مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمی مسافروں کو بس سے باہر نکالا۔تمام زخمیوں کو علاج کیلئے سب ضلع اسپتال بڈگام منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ زخمیوں کی حالت کے بارے میں فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ادھر ایک اور واقعہ میں بارہمولہ کے پٹن زنگام مقام پر تین گاڑیوں کے درمیان شدید ٹکر ہوئی جس میں چھ افراد زخمی ہوگئے، جبکہ شاہراہ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر رہی۔نمائندے کے مطابق حادثے میں ایک ڈمپر، ایک اسکارپیو اور ایک آلٹو 800 کار آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ زخمیوں کی شناخت اور ان کی چوٹوں کی نوعیت کے بارے میں فوری طور پر کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔بعد ازاں تباہ شدہ گاڑیوں کو شاہراہ سے ہٹا دیا گیا، جس کے بعد ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Comments are closed.