کشمیر ٹریڈ الائنس وفد کی صوبائی کمشنر کشمیر سے ملاقات، اہم معاملات پر تبادلہ

کشمیر ٹریڈ الائنس کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ سے ملاقات کر کے وادی بھر کے تاجروں اور کاروباری طبقے کو درپیش متعدد اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وفد میں مختلف وابستہ تنظیموں کے نمائندے شامل تھے جن میں حبہ کدل ٹریڈرز فیڈریشن، رام باغ ٹریڈرز فیڈریشن اور ایل پی جی کاو¿نٹر آپریٹرز ویلفیئر یونین کے اراکین شامل تھے۔ اس کے علاوہ تجارتی برادری کی کئی نمایاں شخصیات نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

صدر اعجاز شہدار نے ڈویژنل کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وفد کے مسائل کو تحمل کے ساتھ سنا۔ انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں سب سے اہم مسئلہ پرانے حبہ کدل پل کو موٹربل بنانے کا اٹھایا گیا، جو طویل عرصے سے زیر التوا ہے۔ ان کے مطابق پل پر گاڑیوں کی آمدورفت بند ہونے سے تقریباً 400 دکانداروں کا روزگار بری طرح متاثر ہوا ہے اور ٹریفک کی روانی میں بھی شدید رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔

اس پر ڈویڑنل کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے پر ضروری کارروائی کی جائے گی۔وفد نے نٹی پورہ سے رام باغ تک سڑک کے درمیان نصب ڈیوائیڈرز کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا، جن کی وجہ سے تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

ڈویڑنل کمشنر نے اس مسئلے کا جائزہ لینے اور مناسب اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں ایک اور اہم مسئلہ سری نگر میں گھریلو ایل پی جی کی قلت کا اٹھایا گیا، جو موجودہ مغربی ایشیا بحران کے باعث پیدا ہوئی ہے۔

ایل پی جی کاونٹر آپریٹرز ویلفیئر یونین کے نمائندوں نے بتایا کہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے گیس سلنڈروں کی سپلائی معطل ہونے سے ان کا روزگار شدید متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجاز ایل پی جی کائونٹرز اﺅ ٹی پی پر مبنی نظام کے تحت موثر طریقے سے سلنڈر تقسیم کر رہے تھے، تاہم سپلائی چین میں خلل کے باعث اچانک سپلائی رک جانے سے سینکڑوں آپریٹرز بے روزگار ہو گئے ہیں اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

وفد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری مداخلت کر کے سپلائی کو بحال کیا جائے۔اس کے علاوہ کشمیر ٹریڈ الائنس نے مختلف تجارتی علاقوں میں اسمارٹ سٹی پروجیکٹس کے تحت خراب انفراسٹرکچر کی مرمت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وفد کے مطابق ٹوٹ پھوٹ کا شکار ڈھانچہ نہ صرف پیدل چلنے والوں کے لیے خطرہ بن چکا ہے بلکہ کاروباری ماحول پر بھی منفی اثر ڈال رہا ہے۔ڈویڑنل کمشنر انشل گرگ نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تاجروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔وفد میں مندرر سنگھ بھسین، محمد یونس، سجاد حیدر، امتیاز احمد، اعجاز احمد بساٹی، طارق امین میر، ایم یوسف صوفی، ظہور احمد بساٹی، نیاز احمد خان، محمد شعبان، ریاض احمد شیخ، عبدالمجید اور جاوید خان سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔

Comments are closed.