کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک بڑے پیمانے پر برف وباراں کا کوئی امکان نہیں
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک بڑے پیمانے پر برف وباراں کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 17 فروری کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18 سے 21 فروری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے اور اس کے بعد 22 سے 24 فروری تک بھی موسم کی کم وبیش یہی صورتحال جاری رہ سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 25 اور 26 فروری کو موسم جزوی سے مجموی طور پر ابر آلور رہنے کی توقع ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ 27 اور 28 فروری کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران 28 فروری کی رات کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں یکم اور 2 مارچ کو موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بھی پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں ماہ فروری کے اختتام تک مومس میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے اپنے کام جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں اگلے ایک ہفتے کے دوران درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
پہاڑی علاقوں کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے پر ہیز کریں جہاں بر فانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں۔
ادھر وادی کے بشیتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے 0 سے 1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
Comments are closed.