سیز فائر :وادیٔ میں حالات معمول پر، بازاروں میں پھر سے چہل پہل

سری نگر،11مئی

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیز فائر کے اعلان کے بعد وادیٔ کشمیر میں حالات بتدریج معمول پر آنا شروع ہو گئے ہیں سرحدی علاقوں میں شدید کشیدگی اور گولہ باری کے سائے میں زندگی گزارنے والے ہزاروں افراد نے راحت کی سانس لی اور امن کی امیدیں وابستہ کر لی ہیں ضلع بارہمولہ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ کے متاثرہ دیہات میں جہاں گزشتہ چند دنوں سے خوف و ہراس کی فضا قائم تھی، اب زندگی آہستہ آہستہ اپنی ڈگر پر لوٹ رہی ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے امدادی سرگرمیوں کو تیز کر دیا ہے۔

بارہمولہ کے بونیار علاقے سے تعلق رکھنے والے عبدالمجید لون نے بتایا، ’ہم کئی دنوں سے پناہ گزینوں کی طرح زندگی گزار رہے تھے، لیکن اب سیز فائر کی خبر سن کر دل کو کچھ اطمینان ہوا ہے۔ امید ہے کہ اب ہمارے بچے سکون سے اسکول جا سکیں گے۔‘

دوسری جانب، انتظامیہ نے سڑکوں کی مرمت، بجلی کی بحالی، اور طبی کیمپس کے قیام کے کاموں میں تیزی لا دی ہے۔ حکام کے مطابق تمام متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بحالی کو ترجیح دی جا رہی ہے اور ہر محکمہ اس کام میں تعاون کر رہا ہے۔

سری نگر، پلوامہ، اننت ناگ اور دیگر اضلاع میں بھی حالات پرامن ہیں۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے وادی میں پٹرولنگ کا سلسلہ برقرار رکھا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔

Comments are closed.