سرینگر کے سنڈے مارکیٹ میں روایتی چہل پہل

سری نگر،11مئی

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیز فائر معاہدے کے بعد وادی کشمیر میں معمولاتِ زندگی بحال ہونے لگے ہیں، اور اس کا اثر آج سری نگر کے مشہور سنڈے مارکیٹ میں بھی واضح طور پر نظر آیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے خریداری کے لیے رخ کیا۔
اتوار کو شہر کے قلب لالچوک، ریذیڈنسی روڈ، اور مہاراجہ بازار کے اطراف قائم سنڈے مارکیٹ میں روایتی گہما گہمی دیکھنے کو ملی۔ لوگوں نے کپڑوں، جوتوں، بچوں کے کھلونوں، گھریلو سامان اور مقامی دستکاری کی چیزوں کی جم کر خریداری کی۔
ایک مقامی دکاندار، سجاد احمد، نے ’یو این آئی‘ سے بات کرتے ہوئے کہا، ’گزشتہ چند ہفتوں سے کشیدگی اور خوف کا ماحول تھا، لیکن سیز فائر کے بعد لوگوں کا اعتماد بحال ہوا ہے، آج کا دن کاروبار کے لحاظ سے کافی بہتر رہا۔‘
خریداری کے لیے آئی ایک خاتون، نزہت جان، نے کہا،’ہم کئی دنوں سے بچوں کے لیے کپڑے خریدنا چاہ رہے تھے، لیکن حالات کی وجہ سے باہر نکلنے سے گریز کر رہے تھے۔ آج سنڈے مارکیٹ میں امن و اطمینان کا ماحول دیکھ کر اچھا لگا۔‘

Comments are closed.