بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم، متاثرہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا اب حکومت کی ذمہ داری / عمر عبد اللہ

سرینگر /10مئی /

وزیر اعلی عمر عبداللہ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے کہا ””اگر جنگ بندی کا اعلان کچھ دن پہلے کر دیا جاتا تو قیمتی جانیں بچائی جا سکتی تھیں“۔وزیر اعلیٰ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا تہہ دل سے خیرمقدم کیا اور کہا”پاکستان کے ڈی جی ایم او نے ہمارے ڈی جی ایم او کو بلایا اور دوبارہ جنگ بندی پر عمل درآمد کیا“۔

انہوں نے کہا کہ اب زمینی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے کہ وہ نقصان کا جائزہ لے اور لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا شروع کرے، زخمیوں کے علاج کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا ” ہم ان لوگوں کو واپس نہیں لا سکتے جو اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ ہم ان کے اہل خانہ کے ساتھ اپنے غم میں شریک ہیں۔

ہم نے مرنے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے بھی ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے۔ “ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پونچھ شہر، تنگدھر کو بہت زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنروں کو صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ انہیں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔حج پروازوں کی منسوخی کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جیسے ہی ہوائی اڈے پر کام شروع ہو جائے گا پروازیں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان دنوں کی کشیدگی کے بعد جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔

Comments are closed.