لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا جی ایم سی جموں کا دورہ
جموں،11مئی
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کا دورہ کیا اور وہاں پر پاکستان کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال شیلنگ میں زخمی ہونے والے شہریوں سے ملاقات کی۔
ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں کی ٹیم نے لیفٹیننٹ گورنر کو زخمیوں کی حالت اور ان کے علاج معالجے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ہسپتال کے انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کی علاج کی تمام ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور یقین دلایا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی شیلنگ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ غیر انسانی اور بلا اشتعال کارروائیاں عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت اس مشکل وقت میں اپنے عوام کے ساتھ ہے اور حکومت تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر ریلیف اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ کو اس بات کی سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے فوری طور پر اقدامات کریں۔
Comments are closed.