ما بعد پہلگام حملہ : ہندوستان کی سفارتی اسٹرائیک، سندھ آبی معاہدہ پر لگائی روک، اٹاری چیک پوسٹ بھی بند
نئی دہلی، 23 اپریل
جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے سے ناراض ہندوستان نے پاکستان کے خلاف کئی سخت اور سنجیدہ سفارتی اور اسٹریٹجک فیصلے لیتے ہوئے سندھ آبی معاہدہ پر روک لگانے کے ساتھ ساتھ اٹاری میں واقع انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ کو بھی بند کر دیا ہے ۔ ہندوستان نے ایک طرح سے ‘سفارتی اسٹرائیک’ کی ہے اور پاکستان پر ‘پانچ پابندیاں’ لگانے کا اعلان کیا ہے
۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کی شام دیر گئے یہاں مرکزی کابینہ کی سلامتی امور کی کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کے بعد سکریٹری خارجہ وکرم مصری نے رات دیر گئے ایک خصوصی بریفنگ میں صحافیوں کو ان فیصلوں سے آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہندوستان نے سندھ آبی معاہدے کو روک دیا ہے اور اس کے ساتھ ہی اٹاری انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ ہندوستان نے ایک اور سخت فیصلہ لیتے ہوئے سارک ویزا کے تحت پاکستانی شہریوں کے ہندوستان میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ پہلے سے سارک ویزا کے حامل ہندوستان میں موجود پاکستانی شہریوں کو یکم مئی سے پہلے ہندوستان چھوڑنے کا کہا گیا ہے ۔ ایک اور فیصلے میں پاکستانی ہائی کمیشن میں پاک فوج، فضائیہ، بحریہ کے مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دیا گیا ہے اوراسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن سے تینوں افواج کے ایڈوائزرس کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ایک اور بڑے فیصلے میں اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں معاون عملے کی تعداد 55 سے کم کر کے 30 کی جائے گی۔ ان فیصلوں سے پاکستان پر شدید اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے ۔یواین آئی
Comments are closed.