امرناتھ یاترا 2025: شمالی کشمیر میں سکیورٹی انتظامات کا اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا گیا

سری نگر،16جون

امرناتھ جی یاترا 2025 کے سلسلے میں شمالی کشمیر کے شاد ی پورہ ٹرانزٹ کیمپ پرڈی آئی جی شمالی کشمیر رینج مقصود الزماں نے ایک جامع سکیورٹی جائزہ لیا ۔ اس موقع پر تعیناتی حکمتِ عملی، نگرانی کے نظام، ایمرجنسی تیاریوں اور لاجسٹک انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔

ڈی آئی جی مقصود الزمان نے موقع پر موجود افسران کے ساتھ سی سی ٹی وی نگرانی، طبی و ہنگامی خدمات، ٹریفک کی روانی، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

بعد ازاں، 45 بٹالین سی آر پی ایف کے ہیڈکوارٹر سمبل میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور ایس ایس بی کے افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں اسٹریٹجک تعیناتی، سیکیورٹی کی مختلف سطحوں پر کوریج، انٹیلی جنس شیئرنگ، قافلے کی نقل و حرکت، ہجوم کا نظم و نسق اور فوری ردعمل کے طریقہ کار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈی آئی جی شمالی کشمیر نے تمام ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ اعلیٰ سطحی چوکسی اختیار کریں اور باہمی ہم آہنگی کو یقینی بنائیں، کیونکہ یاتریوں کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔ افسران نے یقین دلایا کہ امرناتھ یاترا 2025 کو پرامن، محفوظ اور بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے مکمل کرنے کے لیے وہ پوری مستعدی سے کام کریں گے۔
حکام نے کہا کہ یاترا کے آغاز تک مسلسل جائزے اور معائنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Comments are closed.