ترال میں عسکریت پسندوں کا بالائی ورکر گرفتار ، ہتھ گولہ برآمد/ پولیس

جموں میں قاضی گنڈ کے نوجوان سے ایک پستول اور گولیاں ضبط کرنے کا دعویٰ

سرینگر/25دسمبر: پولیس نے ترال سے جنگجوئوں کے ایک معاون کر گرفتار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعانت کار سے ایک ہتھ گولہ برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ جموں میں ایک کشمیری نوجوان کی تحویل سے ہتھیار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے قصبہ ترال میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے بارے میں پولیس کا دعویٰ ہے کہ وہ جنگجوئوں کیلئے کام کرتا تھا ۔ ولیس ذرائع کے مطابق انہوں نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج اور سی آر پی ایف کے ساتھ مشترکہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے سید آباد ترال میں ایک گھر کی تلاشی لی۔پولیس نے کہا کہ اس دوران عامر اشرف خان ساکن سید آباد کی گرفتاری عمل میں لاکر اس کی تحویل سے ایک چینی ساخت کا گرینیڈ بر آمد کیا گیا۔مذکورہ گرینیڈ کو ایک پلاسٹک جار کے اندر مکان کے احاطے میں چھپایا گیا تھا۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ ترال میں ایف آئی آر نمبر109کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص عسکریت پسندوں کیلئے کام کرتا تھا اور ہتھیار و گولہ بارود ایک جگہ سے دوسری جگہ لانے لے جانے کے علاوہ ان کے کھانے پینے اور رہائش کا بھی انتظا م کرتا تھاتاہم وہ خود کسی تخریب کاری میں ملوث نہیں ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شخص سے مزید پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ دریں اثناء جموں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ قاضی گنڈ کے ایک نوجوان کی تحویل سے ہتھیار برآمد کرلیا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ نوجوان کی شناخت ریاض احمد ساکن قاضی گنڈ کولگام کے طور ہوئی ہے۔اوراْس کو جموں کے نروال علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے اور اس کی تحویل سے ایک پستول اور کچھ گولیاں بر آمد کی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار شخص نوجوان کا تعلق قاضی گنڈ علاقے سے ہے اور ایک خفیہ اطلاع کی بناء پر اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور گرفتار نوجوان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس بات کا پتہ لگایا جارہا ہے کہ وہ جموں ہتھیار لیکر کیوں آیا ہوا تھا ۔

Comments are closed.