فوجی سربراہ ہنگامی دورے پر کل سری نگر پہنچیں گے

سری نگر،24اپریل

پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے میں 26 بے گناہ شہریوں کی شہادت کے بعد ملک میں سیکیورٹی اور سفارتی سطح پر ہنگامی اقدامات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ فوجی سربراہ جنرل اوپندرا دویدی جمعہ کو سرینگر کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ جموں و کشمیر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

فوجی ذرائع کے مطابق، جنرل دویدی کو اعلیٰ فوجی کمانڈرز کی جانب سے وادی کی داخلی اور سرحدی سلامتی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ اگرچہ یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ آیا آرمی چیف پہلگام بھی جائیں گے یا نہیں، تاہم ان کے دورے کو وادی میں سیکیورٹی کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، آرمی چیف اعلیٰ فوجی کمانڈروں سے ملاقات کریں گے اور وادی کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، خاص طور پر سرحدی علاقوں اور اندرونی علاقوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیلی بریفنگ حاصل کریں گے۔

دورے کے دوران، جنرل دویدی کو ایل او سی اور دیگر حساس مقامات پر فوجی تعیناتیوں اور آپریشنز کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے گا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ دورہ وادی کی سلامتی کے حوالے سے اہم فیصلوں میں معاون ثابت ہو گا۔
واضح رہے کہ پہلگام سانحہ کے بعد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، دراندازی کے خدشے کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں گشت اور نگرانی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ جدید ڈرون، گراؤنڈ سینسرز، اور سیٹلائٹ ویجیلنس کے ذریعے نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

Comments are closed.