اولڈ سب ڈسٹرکٹ اسپتال پٹن کو بے کار رکھنے پر عوام میں غم وغصہ

فعال بنانے اور اوپی ڈی چالو کرنے کا انتظامیہ سے کیا مطالبہ

سرینگر /10اکتوبر /کے پی ایس : اولڈسب ڈسٹرکٹ اسپتال پٹن کو بے کار اورویران رکھنے سے عوامی حلقوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس کے نمائندے نذیر چکسری سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پٹن میں بہت پہلے سے قائم شدہ سب ڈسٹرکٹ اسپتال کے ساتھ قصبہ کے درجنوں دیہات منسلک ہیں اورلوگ بہ آسانی مذکورہ اسپتال تک پہنچ کر اپناعلاج ومعالجہ کراتے تھے لیکن ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ٹرامہ اسپتال قائم کرنے کے بعد اس اہمیت کو کم کیا گیا اور اب مذکورہ اسپتال بے کار پڑا ہوا ہے جس سے اسپتال کے ساتھ منسلک دیہات کے مریضوں کو سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ اسپتال کی ویرانی اور اس کو بے کار رکھنا بحر صورت ناانصافی اورعوام کے ساتھ ظلم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرامہ اسپتال کا قیام مفاد عامہ کیلئے ایک بہترین قدم ہے اور اس سے عوام طبی سہولیات مستفید ہورہے ہیں تاہم اولڈ ایس ڈی ایچ اسپتال کی اہمیت و افادیت کسی بھی طرح کم نہیں ہوسکتی ہے یونکہ مذکورہ اسپتال کو انفرادی حیثیت حاصل ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے محکمہ صحت کے حکام اور گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اولڈ سب ڈسٹرکٹ اسپتال پٹن میں باضابطہ طور او پی ڈی کو چالو کیا جائے تاکہ اس کے ساتھ منسلک دیہات کے مریضوں کا بہتر علاج و معالجہ ممکن بن سکے اور وہ راحت کی سانس لے سکیں ۔

Comments are closed.