اتحاد المسلمین اور عوامی ایکشن کمیٹی سے لوگ دور رہیں: پولیس

سری نگر،30اپریل

سری نگر پولیس نے بدھ کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں لاوڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ "اتحاد المسلمین” اور "عوامی ایکشن کمیٹی” جیسی کالعدم تنظیموں سے خود کو الگ رکھیں۔

پولیس نے اس اعلان کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں پوسٹرز بھی نصب کیے جن میں ان تنظیموں سے لاتعلقی اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق، یہ اقدام غیر قانونی سرگرمی (یو اے پی اے ) ایکٹ کے تحت ان تنظیموں کے خلاف جاری کارروائیوں کے تسلسل میں کیا گیا ہے ، جنہیں مبینہ طور پر امن و قانون کے لیے خطرہ قرار دیا جا رہا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کو ایسے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے جو ملک دشمن سرگرمیوں کو ہوا دے سکتے ہیں۔سرینگر کے حساس علاقوں میں نصب کیے گئے ان پوسٹروں میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ تنظیموں کا تعلق ایسے گروپوں سے رہا ہے جن کے خلاف سنگین الزامات درج ہیں۔

پولیس ذرائع نے بتایا:‘ہماری کوشش ہے کہ نوجوان گمراہی کی راہ نہ اختیار کریں۔ اتحاد المسلمین اور عوامی ایکشن کمیٹی جیسی تنظیموں کی سرگرمیوں پر سکیورٹی ادارے گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، اور عوام کو ان سے دور رہنے کی سختی سے تاکید کی جاتی ہے ۔’پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات کا مقصد لوگوں کو بروقت متنبہ کرنا اور ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو بے نقاب کرنا ہے تاکہ وادی میں امن و امان کی فضا کو بحال رکھا جا سکے ۔ یو این آئی-

Comments are closed.