مژھل میں فوجی پورٹر پہاڑی سے گر کر ہلاک ؛ موجہ گنڈ میں ایک خاتون سڑک حادثے میں لقمہ اجل

سرینگر/19ستمبر: ایک 55برس کی عمر رسیدہ خاتون کو ہفتہ کے روز موجہ گنڈ کے نزدیک ایک تیز رفتار ٹرک نے زور دار ٹکر مار کر ابدی نیند سلادیا ہے ۔ جبکہ شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں مژھل سرحدی سیکٹر میں ایک فوجی پورٹر پہاڑی سے پھسل کر ہلاک ہوا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ کے مژھل رن بالا میں ایک فوجی پورٹر محمد رفیق شاہ ولد عبداللہ شاہ ساکن رنگ بالا مژھل گذشتہ شب اُس وقت ہلاک ہوا جب وہ کوئی فوجی سامان لے جارہا تھا کہ پہاڑی سے پھسل گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا ۔ مذکورہ پورٹر کو اگرچہ ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچایا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔ مذکورہ شخص فوج کی 45آر آر کے ساتھ بطور پورٹر کام کرتا تھا ۔ دریں اثناء موجہ گنڈ علاقے میں ایک تیز رفتار ٹرک نے راہ چلتی ایک خاتون کو کچل کر ابدی نیند سلایا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ 55نرس کی خاتون سارہ بانو اہلیہ محمد رمضان پرے ساکن زینہ کوٹ ایچ ایم ٹی کو ایک تیز رفتار ٹرک زیر نمبر JK16A-8123کچل کر شدید زخمی کردیا ۔ خاتون کو اگرچہ نازک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروںنے اسے مردہ قراردیا ۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرلیا ہے ۔

Comments are closed.