آپریشن سندور کامیاب رہا،کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیارہے: ایئر مارشل اے کے بھارت

نئی دہلی ،12مئی

ہندوستان نے کہاکہ آپریشن سندورکو جس مقصد کے لیے شروع کیاگیا تھا وہ مکمل طورپر حاصل ہوگیا ہے اور ہماری دفاعی فورسز کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں ۔

آج ہندوستانی فضائیہ، بحریہ اور فوجی کارروائی کے ڈائریکٹر جنرلز نے یہاں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہاکہ ہمارے میزائل نے نہ صرف چین کے فضائی دفاعی نظام کو ناکارہ بنایابلکہ انکے بنائے ہوئے میزائل بھی تباہ کردیے اور دشمن کے فوجی ٹھکانوں کو بری طرح نقصان پہنچایا۔انھوں نے کہاکہ پاکستان کی نیوکلیائی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایاگیا۔’ہمارا ہدف دہشت گرد تھے، پاکستانی فوج نے اسے اپنی لڑائی بنایا’۔
ہندوستانی مسلح افواج نے آج کہا کہ ان کی لڑائی دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف تھی اور دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں پاکستانی فوج کے اترنے کی وجہ سے ہندوستان کو اس کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانا پڑا، جس کے لئے پاکستان کی فوج خود ذمہ دار ہے۔
اس نے کہاکہ ’’چاہے وہ ترکی کے ڈرون ہوں یا کہیں سے بھی دیگر ہتھیار کی ٹیکنالوجی ہو… ہمارا دیسی دفاعی نظام، تربیت یافتہ جوان اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ آپریشن سندور میں ہمارا نقصان نہایت معمولی رہا۔ ہمارے تمام فوجی ادارے، آلات، ہتھیاروں کے نظام مکمل طورپر فعال ہیں ، ضرورت پڑنے پرہم اگلے مشن کے لیے تیار ہیں۔‘‘

فضائیہ کی فوجی کارروائی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر مارشل اے کے بھارتی نے کہا کہ پاکستانی افواج نے طیاروں، میزائلوں، ڈرونز اور یو اے وی سے ہندستان پر زبردست حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن ہمارا تہہ در تہہ مضبوط اور جدید دیسی دفاعی نظام ان کے سامنے ناقابل تسخیر ثابت ہوا۔

ایئر مارشل بھارتی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’’ہماری لڑائی دہشت گردوں اور دہشت گردی کے خلاف تھی، پاک فوج کے خلاف نہیں، یہ بدقسمتی ہے کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کی حمایت میں اس لڑائی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا، اس لیے اس لڑائی میں پاکستان کو جو بھی نقصان ہوا، وہ خود اس کے لئے ذمہ دار ہے ۔‘‘
دہشت گردوں کے رویے میں تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں دہشت گرد مذہبی مقامات اور یاتراوں کو نشانہ بنانے لگے ہیں اور پہلگام میں ان کے پاپ کا گھڑا بھر گیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی طرف سے آپریشن سندور کے دوران استعمال کیا گیاچینی ساختہ اسلحہ ناکام ثابت ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فضائی دفاعی نظام کو سیاق و سباق میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ پچھلے دس برسوں میں حکومت کی طرف سے مسلح افواج کو بجٹ میں جو تعاون ملا ہے اس نے ملک کے فضائی دفاعی نظام کو مضبوط اور جدید بنانے میں ہماری بہت مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور میں تینوں افواج، بارڈر سکیورٹی فورس اور سرکاری اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی رہی۔

Comments are closed.