منوج سنہا کا پاکستانی شیلنگ میں جاں بحق شہری کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت، مکمل تعاون کا یقین دلایا
جموں،12مئی(یو این آئی)
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز پاکستانی شیلنگ میں جاں بحق ہونے والے شہری ذاکر حسین کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن سرکاری امداد کی یقین دہانی بھی کرائی۔ذاکر حسین، جن کی عمر 45 برس تھی، 7 مئی کو جموں کے نواحی علاقے بنتلاب کے کھیڑی کیرن گا¶ں میں پاکستانی افواج کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال شیلنگ میں جاں بحق ہو گئے تھے ۔
اس واقعے میں ایک نوجوان لڑکی سمیت دو دیگر افراد بھی زخمی ہوئے تھے ۔لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ سابق وزیر اور بی جے پی لیڈر شام لال شرما بھی موجود تھے ۔ منوج سنہا نے متاثرہ گا¶ں کا دورہ کیا اور حسین کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران ان کی قربانی کو سراہا اور غم کی اس گھڑی میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔متوفی کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا کہ ذاکر حسین کو 1947 سے لے کر اب تک کے شہداءکی فہرست میں شامل کیا جائے اور ان کے اہل خانہ کو مالی طور پر سہارا دینے کے لیے پٹرول پمپ الاٹ کیا جائے ۔ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 10 لاکھ روپے کا ایکس گریشیا معاوضہ ناکافی ہے اور بچوں کے مستقبل کے تحفظ کے لیے امداد میں اضافہ ضروری ہے ۔
یاد رہے کہ یہ شیلنگ اس وقت کی گئی تھی جب بھارتی فوج نے پہلگام میں 22 اپریل کے دہشت گردانہ حملے کے جواب میں پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دہشت گردی کے نو بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنایا تھا۔ادھر، جموں و کشمیر میں پیر کی شب پہلی بار دو ہفتوں کے بعد مکمل امن کی رات رہی۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سنیچر کو سیز فائر اور تمام فوجی کارروائیوں کے خاتمے پر اتفاق ہوا تھا، جس کے بعد سے صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔
Comments are closed.