ضلع بارہمولہ میں لاک ڈائون کی واپسی کا پہلا دن ، معمول کی زندگی درہم برہم

تجارتی و کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ،ٹریفک غائب ، گلمرگ جانے والی سڑک بند

سرینگر/25اگست: شمالی ضلع بارہمولہ میں کورنا وائرس کے کیسوں میں اضافہ کے چلتے ضلع انتظامیہ کی جانب سے پانچ روزہ لاک ڈائون کی واپسی کے پہلے دن ضلع میں تمام کارو باری و تجارتی سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئی جبکہ سڑکوں سے ٹریفک بھی غائب رہا ۔تفصیلات کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں کورنا وائرس کے کیسوں میں اضافہ کے بعد سوموار کو ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر جی این ایتو کی جانب سے با ضابطہ طور ایک حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ضلع میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے مدنظر احتیاطی طور پر پانچ روز تک مکمل لاک ڈان نافذ کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ لاک ڈان فی الحال 29اگست تک نافذ رہے گا۔ضلع میں تمام دکانیں، کاروباری ادارے اور ٹرانسپورٹ مکمل طور بند رہے گا۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حکمنامہ کے بعد ضلع میں منگل کو تمام تجارتی و کارو باری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں سے ٹریفک کی نقل و حمل بھی غائب رہی ۔ لاک ڈائون کی واپسی کے ساتھ ہی ضلع کے بیشتر بازاروں سے سناٹا چھا یا رہا اور بازاروں میں دن بھر الو بولتے رہے ۔ منگل کے روز معمولات زندگی درہم وبرہم ہو کر رہ گئے۔شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کی طرف جانے والی سڑک کو ٹنگمرگ میں ہی بند کر دیا گیا ہے۔ تاجر برادری نے انتظامیہ کی طرف سے ضلع میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر برہمی اظہار کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ضلع انتظامیہ نے لوگوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ لاک ڈائون پر من و عن عمل کریں بصورت دیگر ان کے خلاف کارورائی عمل میںلائی جائے گی ۔

Comments are closed.