رنبیر گڑھ سرینگر میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی ، لشکر کمانڈر ساتھی سمیت جاں بحق
فائرنگ کے تبادلے میں فوجی اہلکار بھی زخمی ،دو مزید جنگجوئوں کی ہلاکت کے ساتھ امسال ابھی تک 137جنگجو از جاں
سرینگر/ 25جولائی: جنگجوئوںکے خلاف شمال و جنوب میں آپریشنوں میں تیزی کے بیچ سنیچروار کی صبح سرینگر کے مضافاتی علاقہ رنبیر گڑھ لاوئے پورہ میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میںلشکر کمانڈر سمیت دو مقامی جنگجو جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں فوجی اہلکار بھی زخمی ہو گیا ہے ۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے جھڑپ میں دو جنگجو ئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کر لیا گیا ہے ۔ ادھر دو مزید جنگجوئوں کی ہلاکت کے ساتھ ہی امسال ابھی تک 138جنگجو جاں بحق ہو گئے ہیں ۔ سی این آئی کے مطابق سرینگر کے رنبیر گڑھ لاوئے پورہ علاقے میں دو جنگجو کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سنیچروار کی اعلیٰ صبح فوج ، و سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے مشتر کہ طور پر علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی کارورائی شروع کر دی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں اس وقت گولیوں کی گن گرج سے لوگ سہم کر رہ گئے جب ایک رہائشی مکان میںموجود مسلح جنگجوئوں نے فوج و فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کی ۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے ساتھ ہی فوج و فورسز کی اضافی کمک علاقے کی طرف روانہ کی گئی اور جنگجوئوں کے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے جبکہ فورسز نے بھی جوابی کارورائی شروع کی اور طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہو گیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس دوران اگرچہ جنگجوئوں کو خود سپردگی کی پیشکش بھی کی گئی تاہم انہوں نے پیشکش ٹھہرائی اور شدید فائرنگ کی ۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ میں ایک جنگجو جاں بحق ہو گیا جبکہ فوج کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا جنہیں علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید چھپے بیٹھے ایک جنگجو کے خلاف آپریشن وسیع کر دیا گیا اور طرفین کے مابین کئی گھنٹوں کی گولی باری کے بعد جونہی علاقے میں گولیوں کا تبادلہ تھم گیا تو جھڑپ کے مقام سے دوجنگجوئوںکی نعشیں بر آمد کر لی گئی ۔ جن کی شناخت دو مقامی لشکر جنگجو جن میں سے ایک کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ایک لشکر کمانڈر ہے ۔ پولیس ذرائع نے جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت اشفاق رشید ساکن سوزیٹھ سرینگر اور اعجاز بٹ ساکن پلوامہ کے طور کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق اشفاق رشید لشکر کا ایک کمانڈر تھا اور وہ2018سے سرگرم تھا۔جائے معرکہ سے ایک اے کے47قسم کی بندوق اور ایک پستول بر آمد کی گئی ہے۔
Comments are closed.