سوپور کا 22سالہ نوجوان فٹ بالر لاپتہ، افراد خانہ نے گھر لوٹ آنے کی اپیل کی؛معاملے کی تحقیقات جاری،ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے / پولیس

سرینگر/02جولائی: شمالی کشمیر کے سوپور علاقے سے تعلق رکھنے والا22سالہ نوجوان فٹ بالر لاپتہ ہوگیا ہے جس کے اہل خانہ نے بیٹے سے واپس گھر آنے کی اپیل کی ہے۔ ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ سی این آئی کے مطابق سوپور سے تعلق رکھنے والا نوجوان فٹ بالر 24جون سے گھر سے لاپتہ ہے۔ لاپتہ نوجوان فٹ بالر عامر سراج کے افراد کے مطابق عامرسراج 24 جون کو سوپور کے علاقے اڈی پورہ میں اپنے ماموں کے گھر اس وقت لاپتہ ہو گیا تھا جب وہ فٹ بال کھیلنے کے لئے اپنے گھر سے نکلا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق نوجوانوں نے بھی اپنا موبائل فون گھر پر رکھا ہوا ہے۔ عامر سراج کے ماموں، نذیر احمد نے بتایا کہ 24 جون کو شام کے وقت شام پانچ بجے،وہ فٹ بال کھیلنے گھر سے نکلا۔ تاہم، اس کے بعد سے وہ گھر نہیں لوٹا۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے محلے میں اس کی تلاش کی، لیکن سب بیکار تھا۔ انہوں نے کہا، "اگلے دن، ہم نے اپنے رشتے داروں اور دوستوں کو فون کیا، لیکن کسی کو بھی اس کا پتہ نہیں چل سکا۔اہل خانہ نے نوجوان فٹ بالر سے اپیل کی ہے کہ و ہ گھر واپس لوٹ آئیں۔ ادھر سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سوپورجاوید اقبال نے بتایا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہم کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکتے کہ آیا وہ عسکریت پسندوں میں شامل ہوا ہے یا نہیں۔تاہم تلاش جاری ہے۔

Comments are closed.