پانی کی عدم دستیابی کے خلاف سرینگر میں احتجاج؛سڑک پر دھرنادیکر ٹریفک کی نقل حرکت میں خلل ڈالی

سرینگر/02جولائی: شدید گرمی میں پینے کے صاف پانی کی قلت کو لیکر تپتی دھوپ کی پرواہ کئے بغیر سرینگر کے عید گاہ علاقہ کے لوگوں نے سڑک پر نکل کر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف شدید ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے گھنٹوں تک دھرنا دیکر ٹریفک کو روک دیا جبکہ احتجاجی مظاہرین نے پی ایچ ای کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ وہ علاقہ کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں رول اداکریں۔اس دوران حبہ کدل سرینگر کے لوگوں نے بھی پی ایچ ای کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق شدید گرمی کے ان ایام میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی سے محروم رکھنا ان کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔پانی کی عدم دستیابی کے خلاف آج شہر سرینگر کے عید گاہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے جن میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی نے علی جان روڑ پر دھرنا دیکر وہاں سے کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی اور اس طرح سے سڑک پر دونوں جانب درجنوں گاڑیاں کئی گھنٹوں تک درماندہ ہوکے رہ گئیں۔ اس دوران احتجاجی مظاہرین نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاج میں کئی خواتین نے کہا کہ ان گرمی کے شدید دنوں میں علاقہ کو پینے کے صاف پانی سے محروم رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس دوران صفا کدل پولیس سٹیشن سے وابستہ عملہ فوری طور پر دھرنے کی جگہ پہنچا اور محکمہ پی ایچ ای کے افسران سے بات کرنے کے بعد لوگوں کو یقین دلایا کہ پینے کے صاف پانی کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے گا اور علاقہ کو پینے کے پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ دریں اثناء اس سے پہلے حبہ کدل میں لوگوں نے پینے کے صاف پانی کی قلت کے خلاف سخت احتجاجی مظاہرے کئے۔

Comments are closed.