سرحدوں پر جنگ جیسی صورتحال برقرار ،راجوری کے منجاکوٹ سیکٹرآر پار خونین گولہ باری

ایک فوجی اہلکار ہلاک ، پولیس اہلکار شدید زخمی ، کئی میویشی بھی از جاں ، سرحدی علاقے میں خوف

سرینگر/11جون: راجوری میں حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے مابین خونین گولہ باری کے نتیجے میں ایک فوجی جوان ہلاک اور پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے جبکہ کئی رہائشی مکانوں کے ساتھ ساتھ متعدد مویشی بھی ہلاک ہوچکے ہیں ۔ ادھر سماعت شکن گولہ باری کے نتیجے میں سرحدی آبادی کی رات آنکھوں میں کٹ گئی اور لوگ خوف و دہشت کے مارے سو نہیں سکے۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق راجوری کے منجا کوٹ سیکٹر میں گزشتہ شب ہندوپاک افواج کے مابین شدید گولہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایک دن کی خاموشی کے بعد ایک بار پھر راجوری میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تازہ واقعے میں بدھ رات دیر گئے پاکستانی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوا ہے جس کی شناخت نائک گورچرن سنگھ جو کہ 14پنجاب ریجمنٹ سے وابستہ تھا جبکہ گولہ باری کے نتیجے میں پولیس کا سپاہی نعمت اللہ ولد فیض عالم راجدھانی گائوں میں زخمی ہوا ہے جس کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق گولہ باری کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات اور دیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی مویشی ہلاک بھی ہوچکے ہیں ۔ ادھر دفاعی ترجمان نے اس واقع کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستانی فوج پر الزام عائد کیا ہے کہ پاک فوج نے گزشتہ شب بلا اشتعال بھارت کی اگلی فوجی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے گولہ باری کی جس کا بھارتی فوج نے بھر پور جواب دیکر متعدد پاک فوجی چوکیوں کو تباہ کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گولہ باری کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں سہم کے رہ گئے اور سماعت شکن گولہ باری کے نتیجے میں لوگوں کی نیندیں حرام ہوگئیں۔ یاد رہے کہ منگل کو بھی ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں آر پار شدید گولہ باری ہوئی جس کی وجہ سے کئی ڈھانچوں کے ساتھ ساتھ ایک پولیس چوکی کی چھت کو نقصان پہنچا تھا ۔

Comments are closed.