اُوڑی میں پاکستانی گولہ باری سے 3 بچوں سمیت 9 شہری زخمی، 3 مکانات تباہ
سری نگر،7مئی
شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر واقع اُوڑی سیکٹر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات پاکستانی فورسز کی مبینہ شدید گولہ باری کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت کم از کم 9 شہری زخمی ہو گئے جبکہ متعدد رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہ گولہ باری اُوڑی کے سلام آباد علاقے کے نوپورہ اور کلگائی دیہات کو نشانہ بناتے ہوئے کی گئی، جہاں کئی رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔زخمی ہونے والے افراد کی شناخت زینت بیگم زوجہ شمیم نائیک،بسمہ دختر ،فیروز ملک،سعدیہ دختر یونس نائیک،آیان یونس ،بدرالدین ولد لطیف نائیک،ریحان نائیک ،مہروبا ،حمید خان ولد قطیب دین اور پرویز خان ولد عبدالحمید کے بطور کی گئی ہے۔تمام زخمی نوپورہ اور کلگائی کے رہائشی ہیں اور انہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ گولہ باری اس قدر شدید تھی کہ متعدد خاندانوں کو رات کے وقت ہی محفوظ مقامات کی اور منتقل ہونے پر مجبور ہونا پڑا۔ذرائع کے مطابق سلام آباد علاقے میں طالب حسین اور ڈاکٹر بشیر احمد چکو کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
دریں اثناء، ایل او سی کے ساتھ واقع کرناہ سیکٹر سے بھی متعدد مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔فوجی حکام کے مطابق، پاکستانی افواج کی جنگ بندی خلاف ورزی کا "مناسب اور مؤثر جواب” دیا گیا ہے، اور حالات پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔
Comments are closed.