کورونا کاقہرجاری:ایک اورشخص کی موت:تعداد25ہوگئی؛شہرخاص کا55سالہ شخص دم توڑ بیٹھا

شہرسری نگرمیں کووڈ19 سے ساتویں موت،لوگوں میں تشویش

سری نگر:۷۲،مئی: کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والے افرادکی اموات کاسلسلہ جاری ہے۔بدھ کی سہ پہر سی ڈی اسپتال میں شہرخاص کے رہنے والے ایک55سالہ شخص کی موت واقعہ ہوئی اوراس طرح سے شہرسری نگرمیں کورونا سے ہونے والی یہ ساتویں موت تھی جبکہ جموں وکشمیر میں مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد25تک پہنچ گئی۔معلوم ہواکہ شہرخاص کے فتح کدل علاقہ کے رہنے والے ایک پچپن سالہ شخص کوصدراسپتال میں داخل کیاگیاتھا۔گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگرکے نوڈل افسربرائے کووڈ19ڈاکٹر سلیم خان نے بتایاکہ مذکورہ شخص کوصدراسپتال میں داخل کیاگیاتھا اوریہاں سے اس کو18مئی کے روز اس بناء پرسی ڈی اسپتال منتقل کیاگیاکیونکہ اس کے نمونے کی رپورٹ مثبت پائی گئی۔انہوں نے کہاکہ صدراسپتال میں مذکورہ شخص کوخصوصی انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں زیرعلاج رکھاگیاتھا،اورپھراس کوسی ڈی اسپتال منتقل کیاگیاجہاں اسکا علاج ٹھیک سے چل رہاتھا اوراسکی حالت میں کافی سدھار بھی آرہاتھا۔ڈاکٹر سلیم خان کاکہناتھاکہ سی ڈی اسپتال میں فتح کدل کے55سالہ شخص کوانتہائی نگہداشت والے وارڈمیں رکھاگیاتھاجہاں اُس کو آکسیجن دیاجاتاتھاکیونکہ اُس کوسانس لینے میں تکلیف ہورہی تھی۔انہوں نے بتایاکہ بدھ کے روزسہ پہر تقریباً4بجے اس مریض کوہارٹ اٹیک آیا لیکن فوری طورپراسکو وینٹی لیٹر پررکھاگیاجس کے بعداسکی حالت میں کچھ بہتری آئی لیکن بقول ڈاکٹر سلیم خان کچھ وقت بعدہی مذکورہ شخص کودوسراہارٹ اٹیک آیااوراس مرتبہ اسکی حرکت قلب بند ہوگئی۔شہرخاص کے 55سالہ شخص کی موت واقعہ ہونے کیساتھ ہی جموں وکشمیرمیں کوروناوائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد25تک پہنچ گئی،جن میں سے22متوفین کاتعلق کشمیروادی اور3کاتعلق صوبہ جموں سے ہے۔سب سے زیادہ7اموات سری نگرشہرمیں ہوئی ہیں جبکہ اننت ناگ،بارہمولہ اورکولگام اضلاع میں 4،4افرادکوروناوائرس کی وجہ سے لقمہ اجل بنے ہیں۔بڈگام اورجموں اضلاع میں کورونانے2،2مریضوں کی جان لی جبکہ بانڈی پورہ اوراودھم پور اضلاع میں ایک ایک کورونامریض کی موت واقعہ ہوئی ہے۔اُدھر پچپن سالہ شخص کی سی ڈی اسپتال میں موت واقعہ ہوجانے کے بعدشہرخاص سمیت پورے سری نگرشہر میں تشویش کی لہردوڑ گئی۔

Comments are closed.