طبی ونیم طبی عملہ کے تئیں خیرسگالی کی پہل؛پولیس افسروں اورجوانوں نے کئے پھول پیش
سری نگر:۷۲،مئی: حالیہ دنوں میں پیش آئے کچھ افسوسناک واقعات کے بعدجموں وکشمیر پولیس کے افسروں اورجوانوں نے بدھ کے روز شہرسری نگر سمیت پوری وادی میں ڈاکٹروں اوردیگرطبی ونیم طبی ملازمین کی ناراضگی کودورکرنے کیلئے اُنھیں جگہ جگہ گلاب کے پھول پیش کئے۔پولیس حکام نے بتایاکہ اس خیرسگالی اقدام کامقصد یہ پیغام دیناہے کہ کورونا کیخلاف جاری جنگ میں طبی ونیم طبی عملہ کارول سب سے زیادہ اہم اورقابل سراہناہے۔پولیس افسروں کی قیادت میں پولیس کے دستے جگہ جگہ ہاتھوں میں گلاب کے پھول لئے دیکھے گئے اورجوں ہی کوئی ڈاکٹر یاکوئی دوسری طبی ونیم طبی ملاز م گاڑی یااسکوٹرموٹرسائیکل پرسوار ہوکر نزدیک پہنچتا توپولیس افسراورجوان اُنھیں گلاب کے پھول پیش کرتے۔سری نگرمیں صدر اسپتال،صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ،جواہرلعل نہرؤ اسپتال رعناواری،سی ڈی اسپتال سری نگر،برزلہ اسپتال کے نزدیک اوردوسرے مقامات پرایسے مناظر دیکھے گئے جہاں پولیس کے افسراورجوان ڈاکٹروں اوردیگرطبی ونیم طبی ملازمین کوروک کراُنھیں گلاب کے پھول پیش کررہے تھے۔بارہمولہ میں میڈیکل کالج اسپتال،سوپور میں سب ڈسٹرکٹ اسپتال اورشمال وجنوب تمام چھوٹے بڑے اسپتالوں اورراستے میں پولیس کی ٹیمیں ہاتھوں میں پھول لئے دیکھی گئیں اورجونہی کوئی ڈاکٹر گاڑی میں سوار ہوکر وہاں سے گزرتا یاکوئی دوسراطبی ونیم طبی ملازمین،پولیس افسراوراہلکار سامنے آکر بڑے ادب اورمحبت کیساتھ اُنھیں پھول پیش کرتے رہے۔سری نگرشہرمیں ڈاکٹروں اوردیگرطبی ونیم طبی ملازمین کوبطور خیرسگالی اقدام کے گلاب کے پھول پیش کرنے کی اس خوشگوار پہل کی قیادت پولیس کے سینئرافسران بشمول ایس پیز، ڈی ایس پیز اورایس ایچ اؤ کررہے تھے۔اس دوران پولیس افسروں نے بتایاکہ پولیس محکمہ ڈاکٹروں اوردوسرے طبی ونیم طبی ملازمین کے رول کوسراہتے ہیں اوربالخصوص موجودہ صورتحال میں ڈاکٹروں اوردیگرطبی ونیم طبی ملازمین کارول قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہاکہ پھول پیش کرنے کامقصد یہ پیغام دینا ہے کہ پولیس سماج کے ہرطبقے کی سلامتی کویقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔ اُدھر بارہمولہ میں ڈی ایس پی گلزاراحمد کی قیادت میں پولیس کی ٹیم نے میڈیکل کالج اسپتال بارہمولہ میں ڈاکٹروں اوردیگرطبی ونیم طبی ملازمین کوپھول پیش کئے۔ ایس ایچ اؤشیری بارہمولہ سجاداحمد نے بھی پرائمری ہیلتھ سینٹر شیری میں گلاب کے پھول پیش کرکے ڈاکٹروں اوردیگرطبی ونیم طبی ملازمین کے رول کوسلام عقیدت پیش کیا۔ڈی ایس پی بارہمولہ گلزاراحمد نے کہاکہ کوروناکیخلاف جاری جنگ میں طبی ونیم طبی عملہ ایک ہراول دستے کی طرح اپنارول انجام دے رہاہے،اورہم ڈاکٹروں کیساتھ ساتھ طبی ونیم طبی ملازمین کوقابل احترام مانتے ہیں۔
Comments are closed.