گلمرگ میں جنگلی جانور بستیوں میں داخل لوگوں میں خوف و دہشت ،متعلقہ حکام سے اپیل

سرینگر28اپریل: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ کے ساتھ ساتھ ٹنگمرگ، کنزر اور بیروہ کے میدانی علاقوں اورآبادی میں گزشتہ ایک مہینے سے درجن بھر تیندوے ، ریچھ اور دیگر جنگلی جانور نمودار ہوئے ہیں جس کے بنا پر لوگ گھروں سے باہر آنے میں خوف محسوس کررہے ہیں۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جہاں اس موسم میں لاکھوں کی تعداد میں دنیا بھر سے سیاح سیر وتفریح کی غرض سے مشہور سیاحتی جگہ گلمرگ آتے تھے۔ تاہم کورونا وائرس اور لاک ڈاون کی وجہ سے ملک کے دیگر سیاحتی جگہوں کے ساتھ ساتھ گلمرگ میں بھی سناٹا چھایا ہوا ہے ، جس کی وجہ سے گلمرگ میں اب دن دھاڑے جنگلی جانور گھومتے پھرتے نظر آرہے ہیں۔ جبکہ میدانی علاقوں کے انسانی آبادی میں بھی مختلف جنگلی جانور نمودار ہورہے ہیں جس سے مقامی آبادی میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ رہی ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شمالی بارہمولہ کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ کے ساتھ ساتھ ٹنگمرگ، کنزر اور بیروہ کے میدانی علاقوں کے انسانی آبادی میں گزشتہ ایک مہینے سے درجن بھر تیندوے ، ریچھ اور دیگر جنگلی جانور نمودار ہوئے ہیں جس کے بنا پر لوگ گھروں سے باہر آنے میں خوف محسوس کررہے ہیں۔ ادھر ٹنگمرگ، ماہین ، قاضی پورہ اور گلمرگ میں کئی تیندوے اور ریچھ نمودار ہورہے ہیں ، جن میں کئی کو محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے پکڑ لیا ہے۔ محکمہ وائلڈ کے ایک ملازم اعجاز احمد نے بتایا کہ انسانی آبادی میں جنگلی جانوروں کے رخ کرنے کے سب سے بڑی وجہ جنگلات کا بے دریغ کٹاؤ ہے۔ ساتھ ہی جنگلات میں خوراک کی کمی کی وجہ سے یہ جانور خوراک کی تلاش میں میدانی علاقوں کا رخ کررہے ہیں۔مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف کو انسا نی آبادی میں جنگلی جانوروں پر روک لگانے اور جانوروں کو بستیوں میں جانے سے روکنے کیلئے اقدامات اُٹھانے کی اپیل کی ہے ۔

Comments are closed.