مختلف شہروں اور ریاستوں میں پھنسے کشمیریوںکو واپس لانے کا فیصلہ؛3مئی کے بعد ہی لیا جائے گا۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر کی وضاحت

سرینگر27اپریل :صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا ہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں پھنسے کشمیریوں کوواپس لانے کیلئے مرکزی سرکار کی جانب سے جاری رہنماء خطور کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے اقدامات اُٹھائے جائیں گے جبکہ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ 3مئی کے بعد ہی لیا جائے گا کیوںکہ لاک ڈاون 3مئی کو ختم ہورہا ہے اور اس میں توسیع یا اس میں نظر ثانی کے فیصلہ کے بعد ہی درماندہ کشمیریوںکی واپس کے سلسلے میں لائحہ عمل مرتب دیا جاسکے گا۔ کرنٹ نیونیوز آف انڈکا کے مطابق لاک ڈاون کی وجہ سے ملک اور بیرون ملک ہزاروں کی تعداد میں کشمیری پھنسے ہوئے ہیں جو اپنے وطن آنے کی گوہار لگارہے ہیں اگرچہ یوٹی انتظامیہ کی جانب سے بیرون وادی پھنسے افراد کوواپس لانے کیلئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں تاہم ابھی بھی ہزاروں کی تعداد میں لوگ مختلف ریاستوںاور یوٹیز میں پھنس گئے ہیں ۔ اس ضمن میں صوبائی کمشنر کشمیر، پی کے پولے نے پیر کو بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ کشمیری تاجروں اور طالب علموں کو واپس لانے کا فیصلہ3مئی کے بعد لیا جائے گا۔صوبائی کمشنر نے کہا’’ملک کے دیگر حصوں میں درماندہ کشمیریوں کو واپس لانے کا فیصلہ3مئی کے بعد لیا جائے گا اور اس سلسلے میں مرکزی سرکار کی طرف سے جاری راہنما خطوط کو ملحوظ رکھا جائے گا۔‘‘صوبائی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ابھی ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ کشمیری تاجروں اور طالب علموں کی واپسی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ حیدر آباد ، اْتر پردیش اور دلی جیسی ریاستوں میں درماندہ کشمیری تاجرکنبوں اور طالب علموں کی طرف سے باربار اپیلیں سامنے آتی ہیں جن میں کہا جارہا ہے کہ جاری کورونا مخالف لاک ڈاون کے نتیجے میں اْنہیں طرح طرح کے مصائب جھیلنے پڑ رہے ہیں ،اس لئے اْنہیں اپنے گھروں تک پہنچانے کے اقدامات کئے جانے چاہیں۔ادھر درماندہ شہریوں کے قریبی رشتہ دار بھی اپنے عزیز و اقارب کیلئے پریشانیوں میں مبتلاء ہیں۔ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائوکو روکنے کیلئے مکمل لاک ڈائون کا سلسلہ ماہ مارچ کے وسط سے جاری ہے۔دوسرے مرحلے کے لاک ڈاون کی مدت3مئی کو ختم ہونے والی ہے اور عوامی حلقوں کا ماننا ہے کہ اس کے بعدلاک ڈاون میں کچھ نرمی لائی جائے گی۔یا د رہے کہ لاک ڈاون میںکو وسیع کرنے یا اس میں جزوی نرمی دینے کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں آج ایک میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مختلف شہروں میں پھنسے افراد کو اپنے اپنے گھروں کو پہنچانے کیلئے موثر اقدامات اُٹھائے جانے کی ضرورت ہے ۔

Comments are closed.