جموں و کشمیر بینک کی طرف سے راحتی اقدامات میں تیزی: چیئرمین

ہمارے گاہک ہمارے سب سے اہم تعلق دار ہیں

سرینگر /3 اپریل: جموں و کشمیر میںکورونا وائرس وباء سے پیدا شدہ مشکلات سے نمٹنے کیلئے اور اس حوالے سے بینک کے کام کاج کا جائزہ لینے کی غرض سے جموں و کشمیربینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر نے آج ا یک آن لائن جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں انہوں نے بینک کے سارے زونل ہیڈ، کلسٹر ہیڈ اور لیڈ ڈسٹرکٹ منیجروں سے خطاب کیا۔آن لائن جاری ہدایات میں بینک کی اعلیٰ انتظامیہ کو اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہا گیا کہ تمام شاخوں اور اے ٹی ایمز میں کیش کی فراوانی ہو اور تمام جگہوں پر صاف صفائی کے خاص خیال کی نگرانی ہو، تاکہ موجودہ کٹھن حالات میں گاہکوں کو بینکنگ کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔لیڈ ڈسٹرکٹ منیجروں کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے کہ وہ سرکاری انتظامیہ اور بینکوں کے درمیان رابطے کا کام کرتے ہیں، چیئرمین نے کہا کہ موجودہ حالات میں مشکلات پر قابو پانے کیلئے ضلع انتظامیہ، پولیس اور باقی محکموں کے ساتھ بینکوں کا تال میل لازمی ہے تاکہ عوام کو بینکنگ سہولیات بہم رکھنے میں ہمیں کوئی دقت پیش نہ آئے۔ چیئرمین نے میٹنگ میں خواتین جن دھن یوجنا کھاتے داروں تک مرکزی سرکار کے مراعات پہنچانے کی افادیت پر بھی زور دیا جس میں پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت ایسے تمام کھاتوں میں اگلے تین مہینوں تک مبلغ پانچ سو روپے جمع کرائے جائیں گے۔چیئرمین نے اپنی اعلیٰ انتظامیہ کو اس بات پر بھی زور دیا کہ مرکزی سرکار کی ہدایات کے مطابق وہ جن دھن یوجنا کھاتوں میں اُور ڈرافٹ سہولیت فراہم کرانے کے عمل میں سرعت لائیں۔ چیئرمین نے زور دیکر کہا کہ تمام سرکاری مراعات کو مرتب ہدایات کے مطابق اہل کھاتہ داروں تک پہنچانا لازمی ہے تاکہ سماجی دوری بھی بنی رہے اور لوگوں کو بھی مالی راحت ممکن ہو۔ چیئرمین نے تمام بینک سٹاف کے موجودہ رول کی سراہنا کی کہ موجودہ کٹھن حالات میں وہ لوگوں تک بلا خلل بینکنگ خدمات پہنچارہے ہیں اور ملازمین نے اپنی تین دنوں کی تنخواہ بھی سرکاری ریلیف فنڈ کو عطیہ کردی جسکا اعتراف اور پزیرائی یونین ٹریٹری جموں و کشمیر اور لداخ کی سرکاروں نے بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں سرکاروں نے بالترتیب پانچ کروڑ روپے اور اکاون لاکھ روپے بطور عطیہ دینے پر بینک کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین نے عام لوگوں کے تعاون کو بھی سراہا کہ وہ ہماری ہدایات پر عمل پیرا ہیں۔ چیئرمین نے اس بات کو دہرایا کہ یہ ہمارا مشن ہے کہ ہم ریزرو بینک آف انڈیا کے اعلان شدہ تمام راحتی اقدامات کو ہدایات کے مطابق عملائیں کیونکہ بینک کا منشور یہی کہ ہم اپنے گاہکوں کو ہر ممکن راحت پہنچائیں کیونکہ ہمارے گاہک ہمارے سب سے اہم تعلق دار ہیں۔ چیئرمین نے کہا کہ ہم نے اپنے تمام پینشن اکاؤنٹس میں پینشن جمع کی ہے۔دریں اثناء تمام زونل ہیڈس کو خط افلاس سے نیچے گزر بسر کر رہے لوگوں کیلئے چاول بانٹنے کے اختیارات دئے گئے ہیں جبکہ کلسٹر ہیڈس کو ان لوگوں میں ماسکس بانٹنے کے اختیارات دئے گئے ہیں جو ان ماسکس کو خرید نہیں سکتے ہیں۔

Comments are closed.