اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 368 افراد ہلاک ہوگئے

اٹلی/16مارچ: اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید368 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد یورپ کے سب سے زیادہ متاثرہ ملک میں کل ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 809 ہوگئی ہے۔چین کے بعد اٹلی میں کورونا وائرس نہایت تیزی سے پھیلتا جارہا ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں مزید ساڑھے 3 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد اٹلی میں کل متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 24 ہزار سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔اٹلی کا علاقہ لومبارڈے اور میلان وبا کا مرکز بنے ہوئے ہیں جہاں1500 کے قریب افراد کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔ خطرناک کورونا وائرس کی وجہ سے حکومت نے اٹلی کے 14 صوبوں کی ڈیڑھ کروڑ سے زائد آبادی کو لاک ڈاو¿ن کر دیا ہے جس کے بعد اٹلی کی سڑکیں اور سیاحتی مقامات ویران پڑے ہیں۔دوسری جانب اٹلی کے بعد اسپین میں بھی کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آرہے ہیں۔اسپین میں96 نئی ہلاکتوں کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 290 سے زائد ہوچکی ہے جب کہ وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعداد ساڑھے7 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد اسپین اٹلی کے بعد ملک میں لاک ڈاو¿ن کا اعلان کرنے والا یورپ کا دوسرا ملک بن گیا ہے۔اسپین کے وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملازمت پر جانے یا سامان کی خریداری کے لیے گھروں سے نکلنے کے علاوہ باہر نہ نکلیں۔پابندی کے باعث اسپین میں پھنسے سیاح اور طلبہ آبائی وطن لوٹنے کے لیے شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔

Comments are closed.